کورونا وائرس کے انسداد کیلئے ڈبلیو ایس ایس پی کی اور پیشرفت

0 146
پشاور (پیام خیبر نیوز) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے کورونا وائرس کے انسداد کیلئے ایک اور پیشرفت کرلی ہے، شہر بھر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے والی ڈبلیو ایس ایس پی گاڑیوں اور سروس روڈ سے گزرنے والی پرائیویٹ گاڑیوں کی جراثیم کشی کے لئے سٹینڈ (گیٹ) کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا ہے جس سے گزرنے والی گاڑیوں پر خود کار طریقے سے جراثیم کش سپرے کیا جائے گا تاکہ فیلڈ میں مصروف ڈبلیو ایس ایس پی عملہ و گاڑیاں کورونا وائرس سے محفوظ ہوں اور شہر میں سروس روڈ سے داخل ہونے والی پرائیویٹ گاڑیاں کورونا وائرس کی منتقلی کا ذریعہ نہ بنیں۔ گیٹ کی تیاری کے لئے دیگر شعبوں کے ٹیکنالوجی اور ٹریفک پولیس کے ماہرین سے بھی مشاورت کی گئی ہے، ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ہے جس کی تخصیصات میں ڈبلیو ایس ایس پی کے  انجینئرز، آئی ٹی ماہرین اور فیلڈ حکام کی تجاویز کی روشنی میں ضروری ترامیم کی جارہی ہیں اور اب تیاری کے آخری مراحل میں ہے ایک دو روز میں اس کا آزمائشی تجربہ کیا جائے گا۔مجوزہ گیٹ سے روزانہ سینکڑوں گاڑیوں کی جراثیم کشی کی جائے گی جس میں خصوصی نوزلز لگے ہوں گے اوراس سے گزرنے والی گاڑیوں کی جراثیم کشی کے لئے چاروں اطراف اور نیچے سے چھڑکاؤ سپرے کیا جائے گا۔ ڈبلیو ایس ایس پی پہلے ہی کورونا وائرس انسداد کے لئے اپنی حدود کے علاوہ باہر علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہے، لوگوں کے بچاؤ کی غرض سے شہر بھر میں ناگزیر کاموں کی غرض سے گھروں سے نکلنے والے افراد کے لئے صابن اور صاف پانی سے ہاتھ دھونے کے 100 پوائنٹس قائم کئے ہیں جن سے روزانہ ہزاروں افراد استفادہ کر رہے ہیں جبکہ دفاتر اور تجارتی مراکز آنے والے ملازمین اور لوگوں کے بچاؤ کے لئے تھرمل واک تھرو گیٹ تیار کر لئے ہیں جن سے گزرنے والے افرادپر سپرے کیا جارہا ہے تاکہ وہ وائرس کے ممکنہ حملے سے محفوظ ہوں۔
Facebook Comments