ڈیجیٹل پاکستان پالیسی پر کام تیزی سے جاری ہے ‘ رےاض خان

0 52

پشاور(سٹی رپورٹر) وزیراعلی خیبر پختون خوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان پالیسی پر کام جاری ہے محکمے کے آئی ٹی شعبے میں کافی سہولیات موجود ہیں اور ا س میں مزید بہتری لائی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں شعبہ آئی ٹی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کو محکمہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، ان منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال اور دیگر منصوبوں اور خصوصاً ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای ورک آرڈر اور ای بلنگ پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ کے چیف انجنیر ایوب خان،چیف انجنیر طارق خان سمیت دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں بہتری سے نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے گا بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی حاصل ہونے کے واضح امکانات موجود ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ان کے دور کے دوران جتنے بھی روڈز بنیں گے یا نئی تعمیراتی کام ہوگا ان میں آئی ٹی کیلئے سہولیات مہیا کرنا پراجیکٹس کا حصہ ہوگا۔جبکہ شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہوگی جس میں کمی بیشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور نظام کی تبدیلی کے بغیر ترقی ناممکن ہے عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ذمہ داری ہے اور بد عنوان، لوٹ مار اور اقرباءپروری کا دور ختم ہوچکا ہے اس لئے تعمیراتی کاموں میں ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں اور ان میں ملوث افسروں کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔

Facebook Comments