پولیس چوکیوں کی تعمیر پر جلد کام شروع کیا جائیگا‘ حاجی شوکت علی

0 109

پشاور(جنرل رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ حاجی شوکت علی نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس چوکیوں کی تعمیر و مرمت پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا، امن و امان قائم کرنے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیر باغ میں نئی پولیس چوکی کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ آغہ میر جانی شاہ عمران الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پولیس چوکی کی تعمیر و مرمت کرنے کا مقصد شہر سے مکمل طور پر جرائم کا خاتمہ اور امن و امان کی فضاء قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تین چوکیاں قائم کی جائیں گی جس سے سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ چوکیوں کی تعمیر پر کام شروع کر دیا جائے گاتاکہ علاقے میں امن و امان کی فضاء قائم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر دیا گیاہے اس سے قبل شہر بھر میں چار سے چھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا تی تھی لیکن اس سلسلے میں سی ای اؤ پیسکو سے رابطہ کیا گیا اب لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے صرف دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ موجودہ بجٹ عوام دوست ہے کیو نکہ حکومت کی جانب سے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیاہے جس سے مہنگائی پر بھی کنٹرول رہے گا۔

Facebook Comments