کورونا وائرس سے بچاؤکیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے، اجمل وزیر

0 145
پشاور (اے پی پی) وزیراعلی کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے جمعہ کو وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو کورونا وائرس سے لاحق خطرات کا ادراک ہے اور بارے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ کورونا وائرس بارے بلائے گئے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر اطلاعات اور وزیر صحت نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے بشمول سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشنز سنٹرز،15دن کیلئے بند کر دیے ہیں اور ہاسٹلز فوری خالی کرائے جائیں گے۔تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں جبکہ قیدیوں سے ملاقات پر پابندی کیلئے تمام جیلیں سیل کر دیئے جائیں گے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ پچاس یا اس سے زائدکے عوامی اجتماعات ختم کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں  وزیراعلی محمود خان نے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے حلقے میں پہلے سے طے شدہ سرگرمیاں معطل کر دئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹوارازم پر موجودہ حکومت کا فوکس ہے تاہم موجودہ صورتحال کے تناظر میں ڈیرہ جات فیسٹول جس کیلئے تمام تیاری کی گئی تھیں بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ شادی ہالوں میں شادی کی تقریبات پر پابندی زیر غور ہے جس کیلئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شادی ہالوں یا گھروں میں شادی تقریبات میں کم سے کم شرکت کریں اور مذہبی اجتماعات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مذہبی کابرین کو صورتحال کی نزاکت سے آگاہ کریں گے اور ان کا تعاون حاصل کریں گے۔کابینہ کے خصوصی اجلاس بارے وضاحت کرتے ہوئے مشیراطلاعات اجمل خان وزیر نے بتایا کہ وزیراعلی محمود خان  نے واضح طور پر کہا ہے کہ کرونا کے سلسلے میں جو سخت فیصلے ہوئے ہیں اس میں طاقت کے استعمال کی بجائے منتخب نمائندے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے جرگوں کے ذریعے عوام کا تعاون حاصل کریں گے اور سیاسی جماعتوں، اپوزیشن،علما،سب کو اعتماد میں لیاجائے گا۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا نے بتایا کہ ان تمام اقدامات کا مقصداس وبا کوکنڑول کرنا ہے۔پوری دنیا میں پاکستان 120ممالک میں نسبتامحفوظ ملک ہے جبکہ پاکستان میں ہمارا صوبہ اللہ کے فضل سے محفوظ ہے۔ صوبے کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ اب تک پریشانی کی کوئی بات نہیں اور یہ کہ وزیراعلی محمود خان پہلے ہی سے کرونا وائرس کے جملہ امور کی نگرانی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے چکے ہیں جس میں وزیراعلی محمود خود چئیرمین ہیں اور تمام تر حالات و اقدامات کی خود نگرانی کررہے ہیں صوبے میں افغانستان سے آنے والے افراد بارے مشیر اطلاعات نے بتایا کہ طورخم، غلام خان، انگور اڈہ اور خرلاچء سرحدوں پر سکریننگ اور متصل ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز کا اہتمام کیا گیا ہے اور حکومت کی ہر آنے والے پر نظر ہے۔ کورونا وائرس سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مشیر اطلاعات نے نشریاتی اداروں سے خصوصی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی نے عوام کی آگاہی  کیلئے ابلا غ کے تمام ذرائع پر وسیع پیمانے پر آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور محکمہ اطلاعات آگہی کے سلسلے میں کلیدی کردار اداکرے گا جبکہ اس مد میں میڈیا بھی اپنی ذمہ داری نبھائے۔ غیریقینی صورتحال سے بچنے کیلئے اجمل وزیر نے کہاکہ وزیراعلی، مشیر اطلاعاات، وزیر صحت اور محکمہ صحت کا ٹیکنیکل ممبر ہی کورونا اور اس سے متعلقہ ایشوز بات کر سکیں گے تاکہ غیر ضروری بے چینی اور غلط خبروں کا تدارک اور عوام کو صحیح اور بر وقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ان کی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹرنگ کررہے ہیں اور اب تک کی اطلاعات کیمطابق صورتحال قابو میں ہے اور عوام کوہسپتالوں میں جانے کی ضرورت نہیں بلکہ اس وبا کا سب سے موثر حل میل جول کم سے کم کرنا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صرف ان افراد کو ٹیسٹ کی ضرورت ہوتی ہے جن  میں انتہائی درجے کی علامات ظاہر ہوں جس کیلئے صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز مختص کئے گئے ہیں اور اس مد میں ہیلپ لائن بھی قائم کردیا گیا ہے اور عوام 1700 ملاکر ضروری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیرصحت و خزانہ تیمور جھگڑا نے بتایا کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کو فوری طور پر 500 ملین روپیسپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر2بلین روپے اور دور رس اقدامات کیلئے 8 بلین روپے کی فراہمی کی اصولی طور پر منظوری دیدی گئی ہے۔محکمہ صحت کو آلات اور ضروری اشیا کی خریداری کیلئے کے پی پی آر اے سے استثنی کی منظوری دیدی۔تیمور جھگڑا نے کرونا سے متعلق تمام امور کو منظم اور مربوط سے چلانے بارے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ صحت کو ایک اضافی سپیشل سیکرٹری کی خدمات فراہم کر دی گئی ہیں اور آج اسلام آباد میں نیشنل سیکورٹی کونسل کا اجلاس  منعقد ہو رہا ہے جس میں وہ وزیراعلی اور ان کی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوں گے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
Facebook Comments