وزیر اعظم نے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

0 128

اسلام آباد (پیام خیبر نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچا ؤاور علاج کے لیے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر متعدی امراض کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 40 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا، 252 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کرے گی جبکہ اس میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت متعدی امراض سے بچاؤ، تشخیص اور علاج سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ہسپتال میں مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاکس مختص ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 50 بستروں پر مشتمل کورونا آئسولیشن سنٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Facebook Comments