صدرمملکت نے کرونا وائرس کے حوالے سے انتہائی اہم فیصلہ کر دیا 

0 144
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے سلسلے میں تعاون اور تجاویز کے حصول کیلئے تمام صوبوں کے گورنرز اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے ساتھ مشاورتی ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا۔ تمام صوبائی گورنرز نے اس موقع پر اپنی اپنی آراء پیش کی اور صدر مملکت کو کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ صوبائی گورنروں اور صدر آزاد جموں و کشمیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو طبی سامان کی فراہمی، احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت کی فراہمی سمیت ملک میں تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسی طرح انہوں نے وبا کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں علماء کرام اور عوام کے تعاون کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر صدر مملکت نے صوبائی گورنرز اور صدر آزاد جموں و کشمیر پر زور دیا کہ وہ وفاق اور اس کی تمام اکائیوں کے مابین ہم آہنگی کو مزید فروغ دیں تاکہ کورونا کی وبا پر زیادہ مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکے۔ کانفرنس میں ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری اور مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کو مزید طول دیتے ہوئے محصور مسلمانوں کو طبی سہولیات تک رسائی نہ دینے کی مذمت کی گئی ہے۔کانفرنس کے شرکاء نے وفاقی حکومت کی جانب سے احساس پروگرام اور صحت کے دیگر منصوبوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ کانفرنس کے شرکاء نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے تصور کی حمایت کی جس میں صحت، خوراک اور توانائی جیسی انتہائی ضروری صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔کانفرنس میں ڈیٹ ریلیف کی ضرورت کے بارے میں وزیراعظم کے بیان کو سراہا گیا۔ شرکاء نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فصلوں کی صورتحال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صحت سمیت تمام ضروری خدمات فراہم کرنے والے عملہ کی ستائش کی گئی۔ کانفرنس میں صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی شرکت کی۔
Facebook Comments