حکومت عوام دشمن مافیا کی سہولت کار بن گئی ہے‘ عنایت اللہ

0 79

پشاور(سٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں پٹرول سستا ہے لیکن موجودہ حکومت کے اند ر بیٹھے ہوئے عناصر کے پاس یہ صلاحیت نہیں ہے کہ وہ مافیاز کے ساتھ لڑ سکے اور حالات کو حکمت عملی کے ساتھ بہتر کر سکے۔ پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا بم گرار ہے ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو شر با اضافہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔اس اضافے سے ملک میں مہنگائی کانیاطوفان آئے گااورغربت کی چکی میں پسے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی،اسے فی ا لفور واپس لیا جائے۔پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو شدید مایوس کرکے رکھ دیا ہے۔ مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ایک طرف غربت،مہنگائی،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے جبکہ دوسری جانب موجود ہ حکمران آئی ایم ایف کی ہدایات پر مختلف ٹیکس لگاکر عوام کاخون نچوڑ رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس نہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ملکی مسائل کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہر شے کو جام کردے گا۔ حکومت پٹرول کے ذخیرہ اندوزوں، تیل مافیا کے خلاف کوئی اقدام کرنے میں ناکام رہی اور خوفزدہ ہو کر پی او ایل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ سستے تیل کی فراہمی بحال نہ ہوسکی۔ مافیا نے من پسند قیمتیں طے کر الیں اور تیل کی ذخیرہ اندوزی بھی باہر آگئی۔ حکومت عوام دشمن مافیا کی سہولت کار بن گئی ہے۔

Facebook Comments