بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے

0 107
اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو ایک واضح نصب العین ملا، یہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں نے برطانوی سامراج اور ہندو تسلط سے خود کو آزاد کرانے کیلئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔یوم پاکستان کے موقع پر پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سات ماہ سے زائد عرصہ سے محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مہذب دنیاکشمیریوں کوان کا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔ پاکستان استصواب رائے کا حق ملنے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23 مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا، آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں، عوام کا تحفظ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔
Facebook Comments