حکمرانوں کی نااہلی سے ملک صحت کے بحران میں مبتلا ہے‘ فائق شاہ

0 99

پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں کی نااہلی، لوٹ کھسوٹ اور عوام دشمنی کی وجہ سے پاکستان شدید صحت کے بحران میں مبتلا ہے ادویات، ڈاکٹرز اور ہسپتال غریبوں کی پہنچ سے باہر ہیں، اور حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، پرائیویٹ مافیا اس شدید وباء میں بھی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ آکسیجن سلینڈرز، ادویات، ہسپتال چارجز اور حفاظتی سامان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ڈبلیو ایچ او، اور غریب پرور ڈاکٹر دہائی دے رہے ہیں، ہیلتھ کا شعبہ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور حکومت کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، عوام کو موت، بھوک اور غربت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔کیا چینی، گندم اور ادویات مافیاز کو حکومت روک نہیں سکتی؟ نجی ہسپتال لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی قربانیاں رائیگاں جا رہی ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔محمد فائق شاہ نے کہا کہ کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہر اور دیہاتوں میں ٹیسٹنگ، ادویات اور انجکشن لاکھوں روپے تک پہنچ گئے ہیں دوسری طرف کوئی مشترکہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔پٹرول کی لمبی لائنیں دیکھ کر بھی حکمران لمبی تان کر سو رہے ہیں، ان حالات میں قومی اداروں اور سپریم کورٹ و دیگر اداروں کو نوٹس لینا ہو گا ان بے رحمانہ پالیسیوں کو روکنا ہو گا ورنہ عوام کا اعتماد قومی اداروں سے بھی اٹھ جائیگا۔محمد فائق شاہ نے کہا کہ جو حکومت صحت اور تعلیم پر پالیسی پر کام نہیں کر سکی وہ معاشی زبوں حالی کا تدارک کیسے کرے گی،؟ امن ترقی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ سپریم کورٹ فوراً نوٹس لے اور عوام کو لوٹ مار سے نجات دلائے۔

Facebook Comments