پشاور میڈیکل کالج کے زیر اہتمام کویت ٹیچنگ ہسپتال میں امراض قلب سے متعلق سیمینارکا انعقاد

0 88

پشاور( سٹاف رپورٹر )پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور کے زیر اہتمام کویت ٹیچنگ ہسپتال میں امراض قلب سے متعلق ایک بیداری سیمیناراور واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس سرگرمی کا مقصد عام لوگوں کے ساتھ ساتھ مختلف ہیلتھ پروفیشنلز میں دل کی بیماریوں کی علامات اور وجوہات سے متعلق آگاہی ا ور شعور بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر شاہ اور ڈاکٹر رؤف نے اسکیمک امراض قلب، اسباب، پیتھالوجی، ہارٹ اٹیک کے عوامل، تشخیص، روک تھام اور علاج سے متعلق لیکچردیئے۔ طبی ماہرین نے اپنی گفتگو کے دوران بنیادی زور اسیمک امراض قلب کی روک تھام، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، کولیسٹرول، سگریٹ نوشی، ورزش کی اہمیت، طرز زندگی میں تبدیلی،چینی،گھی اور نمک کے ذیادہ استعمال کے نقصانات پردیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے دل کو صحت مند رکھنے کے لئے ہفتے میں کم از کم 30 منٹ روزانہ پیدل چلنا چاہئے۔ڈاکٹر طاہر شاہ اور ڈاکٹ رؤف نے اپنے لیکچر زمیں شرکاء کو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے علاوہ خاص کر کھانے میں گھی کا استعمال کم سے کم کرنے، موٹاپے پر قابو پانے اور تسلسل کے ساتھ ورزش پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام کی تعلیمات کے مطابق آدھا پیٹ کھانا کھانے، سادہ خوراک کا استعمال، باقاعدگی سے ورزش کرنے اور ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے رجوع اللہ پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ان ہدایات پر عمل کرنے سے نہ صرف امراض قلب بلکہ بے شمار دوسری بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام ہر سال 29 ستمبر کو ورلڈ ہارٹ ڈے منایا ہے۔ اس دن کو منانے کے ذریعے عالمی سطح پردل کی بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں متحد ہونے اور پوری دنیا میں اس بیماری کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے امراض قلب کی کمیونٹی کو پیغام دیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ سال 2020 کے لئے ورلڈ ہارٹ فیڈریشن کا تھیم یوز ہار ٹ ٹو بیٹ تھا جس کے تحت دنیا بھر کی طرح پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں مختلف تقریبات کاانعقاد کیا گیا۔

Facebook Comments