اشتہارات کو ملازمین کی تنخواہوں کی فراہمی کے ساتھ مشروط کیا جائے،ثمر ہارون بلور

0 156

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبر پختونخواہ اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و پبلک ریلیشنز کی چئیر پرسن ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی یے کہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں اخبارات کے ایڈیٹرز کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ وہ بھی دیکھ سکیں کہ اطلاعات کے معاملات میں شفافیت لانے کی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز صوبائی اسمبلی میں محکمہ اطلاعات کے بارے (بقیہ نمبر32)
میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایم پی اے لیاقت علی خان، ایم پی اے مولوی عبدالغفار،سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز حسین ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اللہ ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی سیکریٹریٹ نعیم درانی کے علاوہ دوسرے افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری اطلاعات امتیاز حسین نے اجلاس کو محکمہ اطلاعات کی سرگرمیوں اور پبلک انفارمیشن آفیسرز کی ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اشتہارات کے معاملات کو نہایت شفاف انداز میں چلانے کی کوشش کی جارہی ہیں جسے ہر کوئی آن لائن دیکھ سکتا ہے۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پہلے اشتہارات ایک فرد کی پسند اور ناپسند کے مطابق دیئے جاتے تھے جبکہ اب ایک کمیٹی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر اشتہارات جاری کرتی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن ہارون بلور نے کہا کہ اخباری کارکنوں کو اکثر تنخواہوں کے بارے میں مسائل کا سامنا ہوتا ہے لہذا اشتہارات کو ملازمین کی تنخواہوں کی فراہمی کے ساتھ مشروط کیا جائے تاکہ ان کی کسی نہ کسی شکل میں مدد کی جاسکے۔محکمہ اطلاعات کے دوسرے معاملات پر بھی اس موقع پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

Facebook Comments