کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پنجہ آزمائی

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیمیں 22 فروری اور 5 مارچ کو بالترتیب کراچی اور راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی

0 147

لاہور(یواین پی) سنسنی سے بھرپور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ گزشتہ 4 سالوں سے شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا محور ہے۔یہاں چندمخصوص ٹاکرے بھی ایونٹ کو چار چاند لگانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہی میں سے ایک ٹاکراکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہے۔دونوں ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں اپنے اعزاز کا دفاع بھی کرے گی۔دونوں ٹیموں کا ایچ بی ایل پی ایس ایل میں جیت کا تناسب بھی بہترین ہے۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایونٹ میں کامیابی کا تناسب 61.90 جبکہ پشاور زلمی 58.69کے تناسب کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ایونٹ کے گزشتہ ایڈیشنز میں دو مرتبہ پلے آف مرحلے میں مدمقابل آنے والی دونوں ٹیمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 کے فائنل میں پنجہ آزمائی بھی کرچکی ہیں۔لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیفائنل میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے چمچماتی ٹرافی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں موجود تماشائیوں کے سامنے فضا میں بلند کی تھی۔سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے فائنل میں شکست کا بدلہ پشاور زلمی سے اپنے ہوم گرانڈ پر لیا۔گذشتہ ایڈیشن کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ایونٹ کے چار میں سے تین فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹاکرا 22 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا 5مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

Facebook Comments