کون کس کا سپورٹر؛ فنکار بھی پی ایس ایل کے رنگ میں رنگ گئے

0 165

شوبز ستارے پی ایس ایل ٹیموں کا حصہ بن کر اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کررہے ہیں
کراچی(یواین پی) پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا بخارکرکٹ شائقین کے ساتھ فنکاروں پر بھی سر چڑھ کر بول رہاہے اور فنکار بڑھ چڑھ کر اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں۔پی ایس ایل کا شمار پاکستان کے چند بڑے ایونٹس میں ہوتا ہے جس کا انتظار کرکٹ کے دیوانے ہر سال بے تابی سے کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ ایونٹ ہر سال مزید بہتر اور پرجوش ہوتا جارہا ہے۔ پی ایس ایل کا جادو پاکستانیوں پر تو سر چڑھ کر بول رہاہے تاہم شوبز ستارے بھی اس کے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔پی ایس ایل کے دوران جہاں ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا ٹکراؤ دیکھنے والوں کو پرجوش کردیتا ہے وہیں ٹیم مالکان شوبز ستاروں کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کرتے ہیں جس سے یہ ایونٹ مزید پرجوش اور گلیمرائز ہوجاتا ہے۔رواں سال بھی مختلف شوبز ستارے پی ایس ایل ٹیموں کا حصہ بن کر اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کررہے ہیں۔گزشتہ روز اداکارہ مہوش حیات اور ہانیہ عامر پشاور ذلمی کے آفیشل سانگ میں جلوہ گر ہوئیں اور اپنی پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیت لیے۔ یہ دونوں پی ایس ایل سیزن 5 میں پشاور ذلمی کی ایمبسیڈر اور سپورٹر ہیں۔فلم ”سپر اسٹار“ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار بلال اشرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کررہے ہیں اور سیزن5 میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپورٹر اورایمبیسیڈر ہیں۔گلوکار فاخر پی ایس ایل سیزن 1 سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپورٹر ہیں اور اس بار بھی وہ کوئٹہ ہی کو سپورٹ کررہے ہیں۔ اپنے خصوصی پیغام میں فاخر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حوصلہ بڑھایا۔ اداکارہ و ماڈل سنتیا مارشل کراچی کنگز کی سپورٹ کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کراچی تیار ہے اپنا جوش دکھانے کے لیے کیونکہ کنگز آرہے ہیں میدان میں۔ میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہی ہوں۔گلوکار عاصم اظہر بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کررہے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں عاصم اظہر کراچی کنگز کی سپورٹ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کراچی کنگز تیار ہیں بازی پلٹنے کے لیے، گیم بدلنے کے لیے کیونکہ یہ کراچی۔پاکستان ٹی وی انڈسٹری کینامور اداکار نبیل ظفر نے جوش سے بھرپور ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا جی! میدان سج گیا ہے، شور مچ گیا ہے اور یہ بازی ہم ہی جیتیں گے کیونکہ کراچی کنگز کو آتا ہے دل جیتنا، یہ ہے کراچی۔اداکار منیب بٹ نے بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کراچی کی رونق اورکراچی کے جوش کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا اسی طرح کراچی کنگز کا بھی جوش ہے زوردار، تو پھر ہوجائے اس بار، کیونکہ یہ ہے کراچی میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہا ہوں۔گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی کراچی کنگز کا جوش بڑھاتے ہوئے کہا کراچی جہاں خواب پورے ہوتے ہیں، جہاں امیدوں کو جیت کی اڑان ملتی ہے تو کراچی کنگز تیار ہے۔

Facebook Comments