معذور بچوں کے لیے خصوصی سہولیات دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اکبر ایوب خان

0 156
پشاور (اے پی پی)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز میں معذور بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کے لیے محکمہ تعلیم بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے اور اس ضمن میں کئی اہم دستاویزات محکمہ خزانہ کو ارسال کی جا چکی ہیں تاکہ اگلے سال ترقیاتی پروگرام میں ان کو شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل اور مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام بڑے ڈویژنوں میں دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کی سہولیات کے لیے بورڈز کے سب دفاتر کھولے جائیں گے تاکہ لوگوں کو تکالیف سے بچایا جاسکے اور ان کی تعلیمی مسائل ان کے دہلیز پر حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، تمام بورڈز کے چیئرمین، ڈائریکٹر پائٹ، ڈائریکٹرآئی ایم یو، ڈائریکٹر پی ایس آر اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم بچوں کی تعلیم اور سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی اہم امور پر کام کر رہے ہیں جن کی تکمیل سے صوبے کے تمام بچے بشمول نئے ضم شدہ اضلاع کے بچے کو مالی طور پر مستحکم ہونگے اور انہیں تعلیم حاصل کرنے کے بہترین مواقع بھی میسر ہوں گے۔ اکبر ایوب خان نے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے بارے میں بتایا کہ صوبائی پی ایس آر اے ان کی رجسٹریشن کرے گا جبکہ ان کا الحاق بورڈ ہی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے الحاق فیسوں پر بھی نظرثانی کی جائے گی تاکہ مل جل کر معاملے کو حل کیا جاسکے کیونکہ سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سکولز بھی ہمارے بچوں کو زیور تعلیم سے روشناس کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانی ہالوں میں نقل کی روک تھام کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے جس کے لیے امتحانی ہالوں میں کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے تاکہ تعلیم کے میدان میں میرٹ اور شفافیت کو پروان چڑھایا جاسکے اور حقدار بچوں کو ان کا حق مل سکے۔
Facebook Comments