پشاور پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کرلیا

0 99

پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید7 افراد کو گرفتار کر لیا، گزشتہ روز ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کے قبضے مجموعی طور پر6 کلو گرام سے زائد چرس،دو کلو گرام افیون،90ہزار سے زائد جعلی کرنسی، ایک عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پستول برآمد کر لیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے دوران ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر بلال مہمند نے پانچ ملزمان محمد عمران ولد بشیر،اکبر ولد عبد الکریم ساکنان پنجاب، عبد الواحد ولد خیال محمد سکنہ ضلع خیبر، عادل ولد پرویز اور فیاض ولد ریاض ساکنان بڈھ بیر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 کلو گرام سے زائد چرس، دو کلو گرام افیون اور 90ہزار جعلی کرنسی برآمد کر لی ہے۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ عمران الدین خان نے رکشہ کے زریعے منشیات سپلائی کرنے والا ملزم اجمل ولد شان اکبر سکنہ اسلم ڈھیری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تین کلو گرام چرس اور ندیم خان ولد اشرف خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پستول برآمد کر لیا گیا ہے، گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

Facebook Comments