پشاور پولیس نے دو کار لفٹر گروہ کا سراغ لگا کر 6 ملزمان گرفتار کرلئے

0 72

پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے موٹر کار چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو گروہوں کا سراغ لگا کر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی کار لفٹرز گروہ سے ہے جو پشاور، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے قیمتی گاڑیاں سرقہ کرنے کے بعد انجن چیسز نمبرز تبدیل کرنے کے بعد سادہ لوح افراد کو فروخت کرتے تھے، گرفتار ملزمان میں سے دو کا ضلع خیبر، ایک کا ضلع نوشہرہ جبکہ بقیہ تینوں کا تعلق پشاور سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر کار چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے مجوعی طور پر 5 عدد مسروقہ موٹرکار برآمد کر لئے گئے ہیں جس میں ایک گاڑی اسلام آباد جبکہ ایک لاہور سے سرقہ کی گئی تھی، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی رضوان شیر گل ولد سید رضوان شیر گل نے تھانہ ٹاؤن پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے گھر کے سامنے سے کسی نامعلوم ملزمان نے اس کی قیمتی موٹر کار چوری کر لی ہے جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے پوش علاقہ ٹاون سے گاڑی چوری کے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹاؤن مختیار علی اور ایس ایچ او تھانہ ٹاؤن محمد اشفاق پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جس کے دوران گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز سرغنہ سمیت تین ملزمان محمد جنید، رمیض پسران شفیع اللہ ساکنان ضلع خیبر اور عارف ولد صنوبر سکنہ نوشہرہ کو گرفتار کر لیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بھی گاڑیاں چوری کرنے اور پھر انجن چیسز نمبرز تبدیل کرنے کے بعد سادہ لوح افراد کو فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے دو مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔اسی طرح مچنی گیٹ پولیس نے بھی خفیہ اطلاع پر ہونے والی کارروائی کے دوران کنال روڈ پر کسی سنگین واردات کی غرض سے موجود تین ملزمان کامران ولد وارث سکنہ خزانہ، ظہور ولد جمیل سکنہ بہادر کلے اور عبدالصمد ولد عبد الغنی سکنہ بھانہ ماڑی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے تھانہ رمنہ اسلام آباد سے سرقہ شدہ گاڑی سمیت تین گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔

Facebook Comments