پسکو کا صارفین کے شکایات کے ازالے کیلئے آن لائن ای کچہری کا انعقاد

0 87

پشاور(جنر ل رپورٹر)وفاقی وزیر برائے توانائی عمرایوب،چیف سیکریٹری پاورڈویژن عرفان علی کی ہدایات پر کرونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے عملے اور صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین بجلی کی شکایات کے فوری حل کے لئے چیف ایگزیکٹیوپسکو انجینئرمحمدجبارخان نے کرائسز منیجمنٹ سیل واپڈا ہاؤس پشاور میں پہلی ای کچہری منعقد کی،جس کے تحت چیف ایگزیکٹیوپسکو انجینئرمحمدجبارخان نے صبح 11 بجے سے دوپہر سوا ایک بجے تک آن لائن صارفین کے مسائل سنے، اس موقع پر چیف انجینئرآٖپریشن خادم حسین،ڈی جی ایچ آر ضمیرحسین کلاچی،ڈائریکٹرجنرل پی آر شوکت افضل، چیف کمرشل آفیسر محمدامین اوردیگر سینئر افسران موجود تھے، کرونا وبا کے مرض میں عملے اور صارفین کی صحت کو درپیش خطرات کے پیش نظر ای کچہری منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے صارفین کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور وہ گھروں سے افسران سے رابطہ کرکے اپنے بجلی مسائل کو حل کرسکیں گے،اس دوران مشتہر کئے گئے تمام ٹیلی فون نمبرز پر 190 سے زائد صارفین نے اپنے بجلی کے مسائل جن میں تصحیح بجلی بل،بلوں کی اقساط،لووولٹیج،جلے ہوئے ٹرانسفارمروں کی تبدیلی،لوڈشیڈنگ اوردیگر مسائل بیان کئے جن کے حل کے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیوپسکو نے سٹاف آفیسرکو ہدایت کی کہ ان تمام شکایات کوفالوکرکے ان کے حل کی رپورٹ انھیں پیش کی جائے،صارفین کے مسائل کے حل کے لئے منعقد کی جانے والی آن لائن کھلی کچہری کو سیاسی،سماجی شعبوں نے سراہا ہے،اور کرونا وبا کے دوران صارفین کے صحت کے مسائل کومدنظررکھتے ہوئے اسے پسکو کا اچھا قدم قرار دیا ہے،عوام نے پسکو کے اس اچھے قدم کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

Facebook Comments