بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ،ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،وزیر خارجہ

0 87

اسلام آباد (سی این پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے وزارت خارجہ میں قائم ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری معظم علی خان، ترجمان وزارت خارجہ عائشہ فاروقی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں عالمی وبا کے چیلنج کے پیش نظر، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے مختلف پہلوں پر غوروخوض کیا گیا۔دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے،کرایسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی پاکستانی کمیونٹی کی شکایات /مشکلات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سعودی عرب اور ایران میں موجود زائرین کی مرحلہ وار جلد واپسی کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مختلف ممالک میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لانے کے آپشن کو بھی زیر غور لایا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستانی سفارت خانے، آگے بڑھ کر جذبہ حب الوطنی کے تحت اس مشکل وقت میں پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے، تمام پاکستانی سفارتخانوں کو، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔

Facebook Comments