رواں سیزن میں گندم کی ترسیل پر کسی قسم کی قدغن نہ لگائی جائے

0 135
پشاور (پیام خیبر نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک قلندرخان لودھی نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام صوبوں میں گندم کی صورتحال، گندم کی کٹائی میں حائل رکاوٹیں، گندم کی خریداری مہم اور بیج کی خریداری کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خوراک قلندرخان لودھی نے وفاقی وزیر کو خیبر پختونخوا میں گندم کی موجودہ صورتحال، رواں سال گندم کی خریداری کے لیے کی گئی منصوبہ بندی اور خریداری سے متعلق رکاوٹوں اور مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں بروقت حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ قلندر خان لودھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گندم کا استعمال پیداور سے کئی گنا زیادہ ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے صوبے کا انحصار صوبہ پنجاب اور وفاقی ادارہ خوراک پاسکو پر ہے اس موقع پر صوبائی وزیر  خوراک نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رواں سیزن میں گندم کی ترسیل پر کسی قسم کی قدغن نہ لگائی جائے اور گندم کی آزادانہ تر سیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ خیبر پختونخوا کو گندم کی خریداری میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مقررہ ہدف کو بروقت حاصل کیا جا سکے۔
Facebook Comments