ایئرپورٹ پر کسی نے”دو ٹکے کی عورت“ نہیں کہا، عائزہ خان

0 165

کراچی (آئی ا ین پی) معروف اداکارہ عائزہ خان نے سوشل میڈیا پر پھیلی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ان کو ایئرپورٹ پر کسی نے دو ٹکے کی عورت کہہ کر بلایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے دعوی کیا کہ انہوں نے چند روز قبل عائزہ خان کو ایئرپورٹ پر دیکھا تھا، جہاں چند مرد اداکارہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کررہے تھے۔ صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ’میں ایئرپورٹ پر موجود تھا اور اتفاق سے عائزہ خان کو میں نے وہاں دیکھا، وہ بہت تیزی سے چل رہی تھی اور وہاں موجود مرد چیخ کر اداکارہ کو دو ٹکے کی عورت بلا رہے تھے مجھے یہ دیکھ کر بیحد غصہ آیا۔اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی، جہاں چند افراد نے اداکارہ سے ہمدردی کی وہیں کچھ نے لکھا کہ اس قسم کے منفی کردار نبھانے کا یہی انجام ہوگا۔ جس کے بعد عائزہ خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ عائزہ کے مطابق میں ایک بات واضح کردوں، میں ایک اداکار ہوں، میں منفرد کردار نبھاتی ہوں اور میں مستقبل میں بھی ایسا کرتی رہوں گی، مجھے اپنے مداحوں سے بیحد پیار ملا ہے۔ واضح رہے کہ ڈرامے میرے پاس تم ہو کے ایک منظر میں مرکزی کردار دانش نے عائزہ کے کردار کو دو ٹکے کی لڑکی کہا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس ڈائیلاگ کو لیکر کوئی نہ کوئی تنازعہ جنم لیتا رہتا ہے۔

Facebook Comments