اے این پی میں اختلاف یا دراڑ نہیں ثمرہارون بلور

0 122

پشاور(سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی صد سالہ تاریخ و منظم جدوجہد کا نام ہے جہاں تنظیمی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جاتے ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ اے این پی میں کوئی اختلاف یا دراڑ نہیں، ہر کارکن اپنی قیادت کے فیصلوں پر جان نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔ اے این پی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور یہاں اختلافات اگر ہوں بھی تو انکے لئے اپنے آئینی فورمز موجود ہیں۔ صوبائی صدر کی جانب سے ٹیم کی ازسرنو تشکیل اور کچھ تبدیلیوں کو اختلافات کا نام دینا افسوسناک ہے۔ اے این پی کی صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ یہاں ہر تین مہینے بعد پرفارمنس رپورٹ کی بنیاد پر تمام فیصلے کئے جاتے ہیں اور ہر عہدیدار اپنی ذمہ داری کیلئے جوابدہ ہے جبکہ کسی بھی کارروائی کا اختیار صوبائی صدر کے پاس ہے۔ اے این پی ذاتی مفاد سے بالاتر اور قومی و تنظیمی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام کارکنان کو یقین دلایا کہ اس قسم کی خبروں پر یقین نہ کریں کیونکہ ماضی کی طرح ایک بار پھر اے این پی کے منظم ہونے کے بعد اس قسم کے پروپیگنڈے شروع ہوں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی اس صوبے کی سب سے بڑی قوت ہے اور عوامی سطح پر آج بھی ہر کسی کے ساتھ مقابلے کیلئے تیار ہیں۔

Facebook Comments