تمام صوبوں کے لیبر ورکروں کو یکساں مراعات ملنی چاہئیں،شوکت یوسفزئی

0 128

پشاور(یواین پی)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کے لیبر ورکروں کو یکساں مراعات ملنی چاہئیں چاہے وہ ملک کے کسی کونے میں بھی کام کررہے ہوں۔ ورکر ویلفیئر فنڈ، ورکروں کا پیسہ ہے جو صرف ورکروں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوتا ہے۔ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ مزدوروں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری لیبر سید عالمگیر شاہ اور سیکرٹری ورکر ویلفیئر بورڈ ڈاکٹر بلال کے ساتھ محکمہ محنت کی کارکردگی کے حوالے سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محنت اور سیکرٹری ورکر ویلفیئر بورڈ نے صوبائی وزیر کو محکمہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل پر تفصیلی گفت و شنید کی۔ دونوں سیکرٹریوں نے صوبائی وزیر کو ورکر ویلفیئر فنڈ کی ممکنہ ڈیولوشن کے بعد پیدا ہونے والے مشکل حالات سے آگاہ کیا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ورکر ویلفیئر فنڈ ورکروں کا پیسہ ہے چاہے وہ ملک کے کسی بھی صوبے میں کام کرتے ہوں۔ صوبے میں ایسے بہت سے کارخانے ہونگے جس کے ہیڈ آفس دوسرے صوبوں میں ہونگے اور ورکر ویلفیئر فنڈ کے پیسے وہاں جمع ہوتے ہونگے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں میں تعلیمی معیار کو ہر حال میں مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ مزدوروں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے۔ جس علاقے میں محکمے کے اپنے سکول موجود نہ ہو ں وہاں پر معیاری سکولوں میں ورکروں کے بچوں کے لیے تعلیم کے حصول کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور محکمے کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

Facebook Comments