بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ2020 میں مکمل ہوگا،کامران بنگش

0 55

پشاور (اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ2020 میں مکمل ہوگا جس کے ساتھ ساتھ ایڈجسنٹ روٹس پر روڈ میک اپ کا کام بھی جاری رہے گا۔ اس سے پشاور کا ایک جدید اور نیا وژن عوام کے سامنے آئے گا۔ پشاور کے داخلی روٹس پر جہاں کہیں خالی جگہیں ہیں وہاں پر ہنگامی بنیادوں پر پودے اور گرین بیلٹ بنائے جائیں گے، تاکہ عوام کو نہ صرف ایک صحت مندانہ اور صاف ستھرا ماحول فراہم ہو بلکہ پشاور حقیقی معنوں میں پھولوں اور ہریالی کا شہر بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار کامران بنگش نے پشاور کے داخلی روٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پرپشاور ڈیویلمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ریاض کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے ساتھ ساتھ خالی زمین پر ایسے پودے لگائے جائیں، جو ماحول کی خوبصورتی اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کا باعث ہوں۔ انہوں نے کہا پشاور کے تمام داخلی روٹس پر قدرتی خوبصورتی بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش نے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کو ہدایت کی کہ عوام کی جانب سے بھی جہاں کہیں پودے لگانے کی درخواست موصول ہو تو وہاں پر بھی پودے لگائے جائیں کیونکہ ہم نے وزیرآعظم عمران خان کے خواب صاف اور سرسبز پاکستان کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

Facebook Comments