ترقیاتی بجٹ کو عوام کے بہترین مفاد پر خرچ کیا جائے گا،اشتیاق ارمڑ

0 168

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ماحولیات و جنگلات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کو عوام کے بہترین مفاد پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے نام پر لوٹ کھسوٹ کا دور گزر چکا ہے اور موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے ثمرات عوام کے سامنے آ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ حلقہ پی کے۔69پشاور کے عوامی مسائل کا انہیں بھر پور ادراک اور احساس ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ترقیاتی فنڈز عوامی امانت ہیں جنہیں بلا امتیاز عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا اور واضح رہے کہ کسی کے خلاف اگر کوئی بھی شکایت ملی یا ثابت ہوئی تو موجودہ حکومت اس کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تمام اداروں سے ظلم اور نا انصافی کا خاتمہ کر رہے ہیں تاکہ صوبے کے عوام کو ایک فلاحی ریاست کے ثمرات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور بہت جلد نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر با عزت روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں گے۔اشتیاق ارمڑ نے حلقہ کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے کہا کہ صحت و تعلیم، آبنوشی و آبپاشی، زراعت و جنگلات اور ماحولیات و مواصلات کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی ایک منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے حلقہ کے عوام کو کافی حد تک ریلیف ملے گا۔

Facebook Comments