ایران یمن میں جنگ کی آگ کو مزید بھڑکانا چاہتا ہے‘ترجمان یمنی حکومت

0 117
صنعاء (یواین پی)یمن کی آئینی حکومت نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ سمندر میں ایک کارروائی کے دوران پکڑے گئے اسلحہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے نتائج سلامتی کونسل میں پیش کرے تاکہ یمن کے حوثی ملیشیا کو ایران سے اسلحہ کی سپلائی روکنے کی بین الاقوامی کوششوں کوآگے بڑھایا جاسکے۔میڈیاکے مطابق حال ہی میں امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی نیوی نے بحیرہ احمر میں ایک اسلحہ بردار جہاز کوروک کر اس میں لادے گئے ایرانی ساختہ میزائل، ڈرون طیارے اور دیگر اسلحہ قبضے میں لیا ہے۔ یہ اسلحہ تہران سے مبینہ طورپر یمن کے حوثی باغیوں کے لیے بھیجا گیا تھا۔یمنی حکومت نے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایرانی سازشوں، اقوام متحدہ کے رکن ایک آزاد ملک یمن کی خود مختاری کو پامال کرنے اور یمنی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی روکنے سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے پر ایرانی رجیم پر مزید پابندیاں عاید کرنے کا مطالبہ کیا۔یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے امریکی سینٹرل کمان کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا جس میں بتایا گیا ہیکہ امریکی نیول فورس نے ایرانی اسلحہ بردار جہاز قبضے میں لے کر یمن کے باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی کی کوشش ناکام بنائی ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایرانی اسلحے کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے تاکہ یمن کے خلاف ایرانی رجیم کی مجرمانہ سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جاسکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ اور گولہ باردو کی فراہمی کی اس کوشش سے ثابت ہوگیا ہے کہ ایران یمن میں جنگ کی آگ کو مزید بھڑکانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے ایران پر مزید پابندیاں عاید کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔العریانی نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان پر بھی زور دیا کہ وہ یمن پر ایران کی مدد سے پانچ سال مسلط کی گئی جارحیت بند کرانے لیے تہران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
Facebook Comments