بھارت پاکستانی سرپرائز کا انتظار کرے، آصف غفور

0 145

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت ہماری طرف سے سرپرائز کے لئے تیار رہے،ہم بالکل الگ انداز میں جواب دیں گے۔

بھارتی دراندازی کے حوالے سے پریس بریفننگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو چیلنج کیا کہ اس میں ہمت ہے تو آئیں 21 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہ کر دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھاکہ بھارت کو سرپرائز دیں گے،وہ پاکستانی سرپرائز کا انتظار کرے،ہمارا رسپانس الگ ہوگا،جو وہ خود دیکھے گا۔

میجرجنر ل آصف غفور نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت حملہ کرے گا جو ہم سوچیں گے نہیں جواب دیں گے، گزشتہ رات ہمارا جواب آیا تو آپ کے طیارے بھاگ گئے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں اضافے کا آپشن ہمارے پاس بھی موجود ہے، وزیراعظم فوج اور عوام کو کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی بھی صورتحال کےلئے تیار رہیں،ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی اس پر متفق ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی کہا کہ بھارت دشمنی میں بھی بے وقوفی اور جھوٹ کا سہارا لیتا ہے،اس کے میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارتی طیارے 21 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہے ان میں ہمت ہے تو ایسا کرکے دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اہلیت نہیں کہ ہمیں سرپرائز دے سکے، بھارت نے ہمیں کوئی سرپرائز نہیں دیا، ہم تیار تھے، ہم نے جوابی کارروائی کی اور اُنھیں بھگایا۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی کہا کہ کل نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بھی ہے، بھارت کو نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا مطلب پتہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بعد پاک فوج نے بھی بھارت پر واضح کیا تھا کہ حملہ ہوا ہو تو فوری جواب آئے گا جو بالکل مختلف انداز میں دیا جائےگا،بھارت انتظار کرے۔

Facebook Comments