پاک بھارت کشیدگی؛ پشاور کے تاجروں کا بھارتی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان

0 132

پشاور: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر پشاور کے تاجروں نے بھارتی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

پشاور کے تاجروں نے بھارتی اشیاء کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کیلا، اننانس، لیچی، قہوہ، گرم مصالہ جات، اسپغول اور ادرک  سمیت خیبر پختون خوا میں بھارتی ادویات کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی، کارخانوں مارکیٹ میں بھارتی پیمپرز کی خرید و فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

دوسری جانب پشاور میں کسٹم حکام نے بھی بھارتی ساخت کے کیلے سپلائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کردیا ہے، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ فروٹ منڈی میں کسٹم کے خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔

تاجروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی سبزیوں اور فروٹ سمیت دیگر اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے بھارتی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے تاجروں اور امپورٹرز نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پاک فوج کا ہر ممکن ساتھ دیا جائے گا۔

Facebook Comments