مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو احتیاطی تدابیر کا دامن تھام کر رکھنا ہوگا،ایمل ولی خان

0 137
پشاور (پیام خیبر نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنے اور متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال میں ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے اہلکار فرنٹ لائن کا کردار ادا کررہے ہیں،اے این پی بحیثیت پارٹی صحت کے شعبے سے وابسطہ تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔۔ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ایمل ولی خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو احتیاطی تدابیر کا دامن تھام کر رکھنا ہوگا تب ہی ممکن ہے کہ ہم بحیثیت قوم اس وباء کو شکست سے دوچار کرسکیں،اگر ہم خود ہی اس وباء کو گھر میں داخل نہیں ہونے دینگے تو یہ بیماری خود بخود ہمارے گھروں میں گھس نہیں سکتی۔ ایمل ولی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں پارٹی کارکنان کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خوردونوش اور دیگر حفاظتی کٹس وغیرہ تقسیم کرتے وقت ہجوم بنانے سے گریز کریں بلکہ گھر گھر جاکر غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں اگر امدادی سامان تقسیم کرتے وقت بھی ہجوم بنتا ہے تو وہ بھی خود بخود اس بیماری کو دعوت دینا ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں قوم سے اپیل کی کہ وہ سوشل ڈسٹنسنگ یا دو بندوں کے درمیان مناسب ایک میٹر فاصلہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں،مصافحہ اور گلے ملنے سے گریز کریں کیونکہ جہاں اسلامی دنیا یہ کہہ رہی ہے کہ امسال ممکن ہے کہ حج کا فریضہ بھی ادا نہ ہو بلکہ حکمت اور احتیاط کے ذریعے اس وباء کو روکنے میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایک انسان کی غفلت اور کوتاہی تمام انسانیت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ لہذا اپنی،اپنے بچوں،اپنے خاندان اور انسانیت کی خاطر ہر بندہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔آج ساری دنیا ڈاکٹروں اور شعبہ صحت کے تمام ملازمین کو عالمی سطح پر خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،اے این پی تہہ دل سے ڈاکٹروں اور شعبہ صحت کے تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ شعبہ صحت کے ملازمین اپنی انتھک جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے کرونا کے پھیلاو اور مریضوں کی طبی نگہداشت کو یقینی بنائی گی۔
Facebook Comments