ضم اضلاع کی ترقی کیلئے حکومت خصوصی منصوبہ بندی کررہی ہے،عبدالکریم خان

0 157
پشاور (اے پی پی)وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوامیں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے صوبائی حکومت تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے خصوصی منصوبہ بندی کر رہی ہے جہاں 3gاور4gکی فراہمی سمیت ناکارہ صنعتوں کی بحالی اورتجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائینگے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کے روز یوایس ایڈکے تعاون سے سمیڈااوریواین ڈی پی کے اشتراک سے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اقتصادی ترقی اور تجا رتی سرگرمیوں کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی غازی غزن جمال، جنرل منیجر سمیڈاجاویدخٹک،اکنامک گروتھ ایڈوائزر(یوایس ایڈ)مجاہدسلیم فاروقی،یواین ڈی پی کے مقامی نمائندےIgnacio Artazaکے علاوہ صوبے وقبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضم شدہ اضلاع معدنیات سے مالا مال ہے اب وقت آگیا ہے کہ ان کو مقامی لوگوں کے لیے جدید سائنسی بنیادوں پر استعمال میں لاکر ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے انہوں نے سرمایہ کاروں پرزوردیاکہ وہ قبائلی اضلاع میں پانی،بجلی اورگیس کے ذخائر میں سرمایہ کاری کرکے اس سے بھرپورفائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ صنعتی پالیسی برائے2020-30 کے تحت نہ صرف SEMسیکٹرکو اٹھایاجائیگا بلکہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے سرمایہ کاروں کومختلف شعبوں میں خاطرخواہ سہولیات میسرہوسکیں گی حکومت کے ان اقدامات کی بدولت روزگارکے نئے مواقع بھی پیداہونگے انہوں نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع کے ذریعے سنٹرل ایشیا کے ساتھ تجارت کی بدولت ان علاقوں کی معاشی حالت بہتر ہوجائیگی ضم شدہ اضلاع میں صنعتی ترقی اور تجا رتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جلد اضلاع کی سطح پر سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا۔انہوں نے مزید کہاکہ ضم شدہ اضلاع کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں جنہوں نے ملک کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں پناہ لی تاہم وفاقی وصوبائی حکومتیں قبائلی عوام کی بحالی کیلئے جلدپروگرام شروع کریں گی۔معاون خصوصی نے کہاکہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں بین الاقوامی روٹ کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے جلد کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کی خواہش ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے۔آخرمیں انہوں نے سیمینارکے انعقاد پرسمیڈااوردیگرمعاون اداروں کا خصوصی طور پر شکریہ اداکیا۔
Facebook Comments