پشاورمیں اشیاء خوردونوش کی دکانوں کے بغیرمکمل لاک ڈاؤن

0 72
پشاور(سٹی رپورٹر)پشاورمیں کوروناوائرس سے بچاؤکے پیش نظر اشیاء ضروریہ کی دکانوں کے بغیرباقی مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے شہر میں بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ بند ہیں اندرون شہرکے بازاروں مینابازار،شاہین بازار،جھنڈابازار،قصہ خوانی،خیبربازار، شعبہ بازار، کوہاٹی گیٹ،سرکی گیٹ،پھندوروڈ،دلزاک روڈ،جی روڈ سمیت صدر، یونیورسٹی روڈ،بورڈبازار،کارخانومارکیٹ میں دکانوں کی بندش کی وجہ سے معمولات زندگی معطل ہے تاہم یہاں پر فارمیسی،کریانہ سٹورز، بیکری، آٹا چکی، تندور، ملک شاپ، آٹو ورکشاپ اور پٹرول پمپس کھلے ہیں تجارتی مراکز کی بندش اور23مارچ کی مناسبت سے عام تعطیل کے باعث شہریوں نے دن گھروں میں ہی گزارا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے کوروناوائرس سے احتیاطی تدابیراختیارکرنے کیلئے 22 تاآج24مارچ تک یعنی تین دن کیلئے بازار اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب شہر کی سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی کم ہے اضلاع کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پرسات روز کیلئے پابندی پر جزوی عملدرآمد جاری ہے ٹرانسپورٹرزبرادری گاڑیوں کی تبدیلی کاحربہ استعمال کرتے ہوئے مسافروں کو ایک مقام پراتارادیتے ہیں جہاں سے وہ پیدل دوسرے ضلع کی حدود میں داخل ہوکر دوسری گاڑی میں سوارہوجاتے ہیں پشاور ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حاجی کیمپ اور کوہاٹ روڈ اڈے بند کردیئے اوراڈوں میں کھڑی گاڑیوں کو باہر نکال دیاٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق احکامات نہ ماننے پر کئی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ٹرانسپورٹ اڈے ہر صورت بند کروائیں گے۔
Facebook Comments