فواد چوہدری کا شہبازشریف کی واپسی کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان 

0 118
اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شہباز شریف کی واپسی کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھانے کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور پنجاب حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کریں۔وفاقی وزیر فواد چوہدری آج پیر سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی کی واپسی کا معاملہ اٹھائیں گے، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف آخر وطن واپس کیوں نہیں آ رہے جس کی گارنٹی پر نوازشریف باہر گئے، وہ خود لندن میں بیٹھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو شہبازشریف کی نااہلی کی کارروائی کے لئے خط لکھ چکا ہوں، قومی اسمبلی میں اسپیکر سے درخواست کروں گا کہ قائدحزب اختلاف کی گمشدگی کا نوٹس لیں، قائد حزب اختلاف واپس نہیں آ رہے، نئے اپوزیشن لیڈر کے لئے کارروائی ہونا چاہیے۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بھی شہبازشریف کے خلاف قانونی کارروائی کرے، نوازشریف کے معاملے پر شہبازشریف نے گارنٹی دی، نوازشریف کی واپسی کے ساتھ شہبازشریف کی واپسی کے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
Facebook Comments