ڈاکٹرز کی حفاظت ہر ممکن طور پر یقینی بنائیں گے، تیمور جھگڑا

0 122
پشاور (پیام خیبر نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صحت عملہ کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ عالمی سطح پر حفاظتی سامان کی کم دستیابی کے باوجود صوبے کے تمام ہسپتالوں میں حفاظتی سامان مہیا کیا ہے اور مزید بھی بھجوا رہے ہیں۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، نرسز کے ساتھ مل کر اس وباء کا مقابلہ کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، پیرامیڈیکس، نرسز ایسوسی ایشنزاور تنظیم ملگری ڈاکٹران کے وفود کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ صحت کے شعبہ سے منسلک عملے کی تنظیموں نے وزیر صحت کو اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلایا اور اپنے تحفظات اور اس وباء  کے تدارک سے متعلق اقدامات پر اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم مل کر اس وباء کا مقابلہ کریں۔ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے وزیر صحت کو آگاہ کیا کہ وہ اس صورت حال میں مکمل طور پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسی طرح نرسز ایسوسی ایشن کے وفد نے بلامشروط اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات میں نرسوں چاہے وہ خاتون ہو یا مرد کا کردار انتہائی اہم ہے اور ہم سب کو ان کی عزت کرنی چاہیے کیونکہ یہ بھی ہمارے ہیروز میں شامل ہیں۔ صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی سامان (PPEs) کی کم یابی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ جس پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ڈاکٹرز کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ صوبائی حکومت اب تک ڈیڑھ ارب کا حفاظتی سامان خرید چکی ہے اور مزید بھی خرید رہی ہے۔ عالمی سطح پر ہی سامان کی سپلائی کم ہے۔ صوبے میں تمام ہسپتالوں کو حفاظتی سامان بھجوا چکے اور مزید بھی بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبے کی ڈاکٹرز کی بڑی تنظیم ہے ان کی طرف سے دی جانے والی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صحت عملہ کو یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ حکومت ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی کیونکہ کورونا وائرس کے خلاف صحت عملہ ہی ہمارا ہر اول دستہ ہے۔
Facebook Comments