آج پاکستان دنیا میں امن کے حوالے سے جانا جاتا ہے،ڈاکٹر امجد علی

0 174

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن معاہدہ ہونے کے قریب ہے اور امریکہ افغانستان سے فوج نکالنے کے حوالے سے پاکستان کا محتاج ہے، آج پاکستان دنیا میں امن کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ سوات کے علاقے جور بانڈی میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے ملکی وقار میں اضافہ ہوا ہے اور سیاحت کے حوالے سے پاکستان نئی مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت کے پہلے ڈیڑھ سال میں پاکستان نے ریکارڈ قرضے واپس کئے ہیں۔ جبکہ ماضی میں حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا اور ترقیاتی کاموں میں کمیشن وصول کئے جس کا اب مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں عوام اور نمائندوں کے درمیان فاصلے ختم کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو بلدیادتی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدوار کا مشاورت سے انتخاب کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں ایک خاص مافیا کی جانب سے مصنوعی مہنگائی شروع کی گئی ہے لیکن حکومتی اقدامات سے اس پربہت جلد قابو پالیا جائیگا، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اشیاء کی قیمتیں قابو میں رکھنے کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے جس سے آٹے، گھی، چینی اور دالوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک قرضے کے بوجھ تلے دب گیا تھا لیکن موجودہ دور حکومت میں اربوں ڈالرز کے قرضے واپس کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شہروں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی ترقی پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔

Facebook Comments