’’ایک دوسرے کی قیادت پر ذاتی حملے نہ کیے جائیں‘‘

0 156

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ایک دوسرے کی قیادت پر ذاتی حملے نہ کیے جائیں۔وزیراعظم کی قومی اسمبلی آمد پر ہنگامہ آرئی کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ایوان کا ماحول بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اسپیکر اسد قیصر نے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں اور کہا ہے کہ ایک دوسرے کی قیادت پر ذاتی حملے نہ کیے جائیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ نون نے ایوان کا ماحول خراب کرنے کی ذمہ داری وزراء پر ڈال دی اور کہا کہ فواد چوہدری، شیخ رشید، مراد سعید اور شہریار آفریدی ماحول خراب کرتے ہیں۔

نون لیگ کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ وزیراعظم کی ذات پر تنقید نہ ہو تو اپنے وزراء کو کنٹرول کریں۔

نون لیگ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نون لیگ کے ذمے داران نے اسپیکر قومی اسمبلی کو یہ بھی کہا کہ ہماری قیادت پر ذاتی حملے ہوں گے تو جواب ضرور دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون نے ایوان کا ماحول ٹھیک کرنے کیلئے ذمہ داری حکومت پر ڈال دی اور اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ ماحول خراب کرنے والے وزراء کے خلاف ایکشن لیں۔

Facebook Comments