’ملک میں مایوسی ہے، امید نظر نہیں آتی‘

0 155

سابق وزيراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ملک میں مایوسی ہے، امید نظر نہیں آتی کہ حالات بہتر ہوں گے،ملک کی جتنی معشیت ان چھ ماہ میں تباہ ہوئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پاکستان کے عوام عمران خان کی حکومت سے خیر کی توقع نہیں کرسکتے۔

سابق وزيراعظم شاہد خاقان عباسی نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 فروری کو پیغام دینا ہے کہ عوام حکومت کو مسترد کرتے ہیں،یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ 25 جولائی کا الیکشن چوری کیاگیا اور عمران خان جیسا وزیراعظم مسلط کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی گرفتاری پرشدید خدشات ہیں ، انہیں بغیر کسی الزام کے گرفتارکیا گیا،پنجاب اورکےپی اسمبلی کےاسپیکرز پربھی الزامات ہیں۔جس ملک میں حکومت ہی اسمبلی نہیں چلانا چاہےاس کا کیا حال ہوگا۔

خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے 5 سال گیس بلوں میں ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا، بجلی اور گیس کی قیمت میں موجودہ حکومت نے اضافہ کر دیا ،اس حکومت کے چھ ماہ میں جتنی مہنگائی اس کی مثال نہیں ملتی، آج ملک کے حالات خراب ہورہے ہیں،اس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو الزام نواز شریف پر لگے اس کا قانون میں کہیں وجود ہی نہیں،نواز شریف پر لگے الزامات عمران خان اور وزرا پر لگے تو سب پکڑ میں آجائیں گے،عمران خان اپنے وزرا سے احتساب کا آغاز کریں۔

Facebook Comments