احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا کو شکست دی جا سکتی ہے،محب اللہ 

0 137
پشاور (پیام خیبر نیوز)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیو سٹاک و فشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا کو شکست دی جا سکتی ہے،حکومت نے اس حوالے سے جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھارکھے ہیں وزیراعظم عمران خان صورتحال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم نے ٹائیگر فورس قائم کر دیا ہے، خطرناک اور وبائی مرض نے پوری دُنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، زیادہ سے زیادہ ذکر اذکار، اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے میں ہی نجات ہے، بلا ضرورت گھروں سے نکلنے کی کوشش نہ کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیا انہوں نے کہا کہ کورونا کا مقابلہ صرف اور صرف احتیاط سے کیا جا سکتا ہے، ترقیافتہ ممالک نے بھی اس کا علاج ابھی تک دریافت نہیں کیا ہے وہ بھی اس حوالے سے بے بس نظر آ رہے ہیں پوری دُنیا کے ہیلتھ سسٹم نے جواب دیدیا ہے امریکہ، چین، اٹلی، نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک میں اس مرض نے تباہی مچا دی ہے انہوں نے کہا کہ یہ خطرناک وائرس بڑی تیزی کے ساتھ ایک دوسرے کو منتقل ہوتا ہے اب اس کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے گھروں میں رہ کر زیادہ سے زیادہ احتیاط کے ذریعے ہم محفوظ رہ سکتے ہیں عوام کو حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اللہ تعالیٰ کو راضی کرکے ہم اس وبائی مرض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی بے احتیاطی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے اگر اس مرض کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے تو پھر ہمیں احتیاط سے کام لیتے ہوئے خود کو گھروں تک محدود کرنا ہو گا۔
Facebook Comments