سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی

0 92

پشاور (سٹی رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دی۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر افتخار علی خان نے ایجوکیشن ٹیموں کے ہمراہ سٹی اور کینٹ سیکٹروں میں ناکہ بندیوں پر شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دی اور ان میں باقاعدہ احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے۔ ناکہ بندیوں پر ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر افتخار علی خان نے پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے کرایوں بارے بھی آگاہی حاصل کی اور ٹرانسپورٹروں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد اور کرایہ نامہ سے تجاوز نہ کرنے کی ہدایت کی جس پر شہریوں نے اس اقدام کو سراہا۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے سمیت شہریوں کی حفاظت کیلئے کوشاں ہے جس کے تحت شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئی ہیں جہاں پر روز اول سے لے کر اس وباء کے خاتمے تک شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی دی جائیگی اور انہیں باقاعدہ احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں جا کر اپنے رشتہ داروں‘ عزیز و اقارب کو اس بیماری سے بچنے بارے آگاہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری حکومتی احکامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ اس وباء پر قابو پایا جا سکے اور مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

Facebook Comments