کمرتوڑ مہنگائی پر عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے‘ عتیق الرحمان

0 45

پشاور(سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے مختلف تنظیمی زونز کے آنے والے وفود سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کمرتوڑ مہنگائی پر عوام کی قوت خرےد جواب دے چکی ہے ۔ سربراہ خانہ اپنے بال بچوں کو روزانہ کی خوراک مہیا کرنے میں بے بس ہوچکا ہے ۔ غربت میں مسلسل اضافے سے احساس محرومی جنم لے رہا ہے ۔ مایوسی میں جانے والے افراد معاشرتی جرائم کا بھی باعث بن رہے ہیں لیکن حکمران چین کی بانسری بجارہے ہیں۔ اگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو کھانے پینے کے سامان میں 100سے 200فیصد تک اضافہ نظر آرہا ہے ۔ خشک راشن ، دالیں ، چاول ، گھی، خوردنی تیل ، بچوں کے استعمال کا خوراک مسلسل روزانہ کے حساب سے مہنگا ہورہا ہے ۔ آٹے کی قیمت فی کلو 75روپے تک پہنچنا افسوس ناک ہے ۔ زرعی ملک جو گندم کی پیداوار اپنے ضرورت کے مطابق پیدا کرسکتا ہے ۔ وہاں آٹے کی قیمت میں اس قدر اضافہ واضح کرتا ہے کہ آٹا مافیا کے کرتوت بھی عوام کے سامنے آچکے ہیں ۔ لیکن حکمران اپنی صفوں میں موجود چوروں سے صرف نظر کررہی ہیں۔ نئے پاکستان کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کو فریب دیا۔ عام آدمی کو جو دو وقت کی روٹی میسر تھی وہ بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مشکل بن چکی ہے ۔ وزیر اعظم اب بھی کھوکھلے نعروں سے عوام کو بہلانے کی کوشش میں ہے مگر حکومت کی ناکامی اب زبان زدعام ہوچکی ہے ۔ پاکستان کے نظام کو درست راستے پر لانے کے لیے عوام کو نکلنا ہوگا اور چوروں ڈاکوﺅں ، لٹیروں سے یہ ملک آزاد کرنا ہوگا۔ تب ہی عام آدمی کو عزت میسر ہوگی۔

Facebook Comments