بحیثیت ایک عوامی نمائندہ انہیں شہریوں کی تکالیف کا بہ خوبی اندازہ ہے،امجد علی 

0 119
پشاور(پیام خیبر نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے صوبہ بھر میں عوام حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں تک محصور ہونے سے شہریوں کو مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑھ رہا ہے، جس کے حل کے لئے وزیر اعلی خیبرپختونخو امحمود خان نے ریلیف پیکج کا اعلان کردیاہے۔ حلقہ پی کے 6  سوات میں کارکنوں کے ذریعے تقریبا 1300 افراد کے گھروں میں اشیائے خوردنوش کے پیکجز تقسیم کرنے کے بعد صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بحیثیت ایک عوامی نمائندہ انہیں شہریوں کی تکالیف کا بہ خوبی اندازہ ہے اور لوگوں میں امدادی اشیاء تقسیم کرنے کا مقصد ان کی مشکلات میں کمی لانے کے لئے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وباء پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے صاحب ثروت افراد کو بھی آگے بڑھنا چاہیئے اور معاشرے کے کمزور طبقے کے ساتھ مدد کرنی چاہیئے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ مشکل صورتحال ہر قوم پر آتی ہے لیکن ایسے چیلنجزمیں کامیابی صرف ان قوموں کی ہوتی ہے جو اتفاق واتحاد سے ڈٹ کر ایسے مشکلات کا سامنے کرتے ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندگی کا مزہ تب آتا ہے جب قیادت مشکل وقت میں عوام کے توقعات پر پورا اترے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ہم سب کو اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے علاقوں میں غریب اور بے اسرا افراد کی مدد کرنی ہوگی تاکہ متحدہو کر اس وباء کا مقابلہ کرسکیں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ امدادی اشیاء کی تقسیم کا سلسلہ آگے بھی جاری رکھا جائیگا اور مزید تقریبا پانچ ہزار افراد کو روزمرہ اشیاء فراہم کئے جائیں گے۔
Facebook Comments