الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے پشاور کے صحافیوں میں حفاظتی سامان تقسیم

0 121
پشاور(پیام خیبر نیوز)امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن پشاور ارباب عبدالحسیب نے پریس کلب پشاور میں الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے پشاور کے صحافیوں کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سینی ٹائزر، ماسک اور اینٹی بیکٹیریل صابن خیبریونین آف جرنلسٹ اور پریس کلب کے عہدیداروں کے حوالے کیے۔ اس موقع پر صدر خیبر یونین آف جرنلسٹ فداخٹک، جنر ل سیکرٹری محمد نعیم، پریس کلب کے رضوان شیخ، علی حضرت باچا، الخدمت فاؤنڈیشن کے عبدالوہاب، جماعت اسلامی کے رہنماء امداد خلیل، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قمر حیا ت اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پشاو رعتیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو مل کر کوروناسے لڑنا اور اپنی قوم کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وہ کام کرنا ہوگا جس سے لوگوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔کورونا سے خود بھی بچنا ہے اور اپنے ارد گرد موجود لوگوں کو بھی بچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آنکھ اور کان ہوتا ہے اور یہ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اس لیے اوروں کی طرح اس کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے مقابلہ میں پور ی قوم یک جان و یک آواز کی صورت میں جسد واحد بن جائے۔کورونا وبا کے مقابلہ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ انسانی جانوں کا تحفظ اور خود اپنے آپ کو بیماری سے محفوظ رکھنا شریعت کا حکم ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے بلارنگ و نسل ومذہب تمام پاکستانی قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ بعدازاں الخدمت فاؤنڈیشن نے پریس کلب کے عمارت میں جراثیم کش اسپرے کیا۔
Facebook Comments