اکبر ایوب کی ٹاﺅن ٹو میں سینی ٹیشن سٹاف کو بھرتی کرنےکی ہدایت

0 63

پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے ٹاون ٹو انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سینی ٹےشن سٹاف کی بھرتی کا عمل فوراً شروع کروایا جائے جبکہ شہر کیلئے جدید مشینری بھی فوراً خریدی جائے۔انھوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کیلئے کچرا اور گند روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا جائے اور اس مقصد کیلئے ڈبلیو ایس ایس پی کی طرز پر اپنے بجٹ سے مشینری خریدی جائے ۔یہ ہدایا ت انہوں نے ٹاون ٹو دفتر کے دورے کے موقع پردیں۔ممبران صوبائی اسمبلی آصف خان، ارباب وسیم حیات سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات اور دیگر اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔اکبر ایوب خان نے کہا کہ شہر میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہوگی اور جس نے خلاف ورزی کی ان پر جرمانہ عائد کیا جا ئیگا۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ پشاور سلاٹر ہاوس کو صوبے کا سب سے جدید اور خوبصورت سلاٹر ہاوس بنایا جائے اور مقامی ممبران صوبائی اسمبلی کے ساتھ ملکر صفائی کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔صوبائی وزیر بلدیات نے ٹاون ٹو میں قائم ون ونڈو آپریشن فیسلیٹشن سنڑ کا دورہ بھی کیا اور عوام کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔بریفنگ میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس سنٹر میں عوام کے لئے گھریلوں اور کمرشل نقشہ جات کی معلومات اور دستیابی کے علاوہ ان کے کئی دوسرے اہم مسائل ترجیحی بنیادوں پر ایک ہی چھت کے نیچے حل کئے جاتے ہیں۔

Facebook Comments