آفتاب شیرپاؤکی  باجوڑ او ر مہمند اضلاع کی حد بندی تنازعہ پر تشویش

0 121
پشاور (پیام خیبر نیوز)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے باجوڑ او ر مہمند اضلاع کی حد بندی تنازعہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس مسئلہ کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تنازعہ روز بروز سنگین صورت اختیار کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم تنازعہ کے فوری اور منصفانہ حل کے ساتھ ساتھ ضلع مہمند اور باجوڑ کے لوگوں سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر دھرنوں اور اجتماعات سے گریزکرنا چاہیے کیونکہ حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹروں اور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عملدرآمدکے ذریعے ہی اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔ وطن کور پشاور سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع مہمند اور باجوڑ کے درمیان جاری تنازعہ کے منصفانہ حل کیلئے حکومت اور انتظامیہ کو آگے بڑھ کراپنا کردار ادا کرنا چاہیے بصورت دیگر دونوں اقوام کے مابین خونریز تصادم کا خطرہ موجود ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ دونوں اقوام کے مشران کے صلاح مشورہ اور ان کی باہمی رضا مندی سے اس مسئلے کا حل نکالنے کیلئے کوششیں کرے کیونکہ اس تنازعہ سے نہ صرف دونوں اضلاع کے عوام میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جارہی ہے بلکہ دونوں اقوام کے مابین تصادم اور خون خرابے کابھی خدشہ ہے لہٰذا حکومت اس مسئلہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے حل کیلئے عملی کردار ادا کرے تاکہ علاقہ اور عوام کو کشیدگی اور خون خرابے سے بچایا جا سکے۔
Facebook Comments