اوورلوڈنگ کیخلاف کارروائیاں‘ 231 ٹرانسپورٹروں کا چالان

0 89

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے اوورلوڈنگ کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 231 ٹرانسپورٹروں کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے گزشتہ ہفتے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کو ضلع بھر کے تمام سیکٹروں میں اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائیوں کے احکامات جاری کئے تھے جس کے تحت کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام کو آگاہی دینے کی خاطر مختلف سیکٹروں میں کی جانیوالی ناکہ بندیوں کے دوران اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں جس کے تحت 231 ٹرانسپورٹروں کو چالان کیا گیا ہے جبکہ ان پر جرمانے عائد کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کردیا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار علی خان نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ضلع بھر کے مختلف سیکٹروں میں اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ اوور لوڈ گاڑیوں سے سڑک کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ ٹریفک نظام میں خلل کا باعث بھی بنتا ہے اسی طرح کسی بھی نا خوشگوار واقعے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ٹریفک قوانین پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سٹی ٹریفک پولیس پشاور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیگی۔

Facebook Comments