خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 8مریض صحتیاب ہوگئے:اجمل وزیر

0 157
پشاور (پیام خیبر نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 8مریض صحتیاب ہوگئے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ کورونا کے ٹیسٹ پازیٹو آنے والے 15افراد میں سے 8صحتیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ 15افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آئے تھے ان میں سے 8افراد صحتیاب ہوگئے ہیں اور اب انکا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا ہے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے مزید کہاہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید 29 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 221 تک پہنچ گئی‘انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ 16کیسز پشاور سے پانچ تفتان زائرین اور3کیسز لوئیر دیر سے رپورٹ ہوئے ہیں‘انہوں نے کہاکہ باجوڑ، بنوں، ڈی آئی خان، مردان اور مانسہرہ سے ایک ایک کیسز رپورٹ ہوئے۔دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں بھی کورونا وائرس پہنچ گیا جہاں پہلی بار 2افرادمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ڈپٹی کمشنر کرم شاہ فہد کے مطابق ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار میں قائم قرنطینہ میں 16 مشتبہ افراد نگرانی میں رکھے گئے ہیں جبکہ ضلع میں کل 32 مشتبہ افراد کے نمونے پشاور میں مختص لیبارٹری بھجوائے گئے جن میں منگل کی صبح تک 22 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے جبکہ باقی 8 افراد کے ٹیسٹ کا انتظار ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کرم میں مقامی انتظامیہ نے پانچ آئسولیشن سنٹرز اور چھ قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔شاہ فہد نے بتایا کہ جن دو افراد کے رزلٹ پازیٹیو آئے ہیں اْنہیں آئسولیشن سنٹر میں منتقل کیا جارہا ہے جہاں وہ چودہ دن گزاریں گے۔ اْنہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ صحت اور فورسز کے تعاون نے بھرپور انتظامات کررکھے ہیں اور متاثرہ افراد کا ڈیٹا محفوط کرلیا ہے۔
Facebook Comments