27جنوری بروز پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچ، پاکستانی امپائر احسن رضا کے کیرئیر کا 50واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا

یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر ہوں گے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستانی امپائر، علیم ڈار کا ہے

0 128

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر سے)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں احسن رضا ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔ 27جنوری بروز پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچ، پاکستانی امپائر احسن رضا کے کیرئیر کا 50واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر ہوں گے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستانی امپائر، علیم ڈار کا ہے۔ 10سالہ ٹی ٹونٹی کیرئیر میں علیم ڈار کے میچوں کی تعداد 46 ہے۔ 36 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے شوزب رضا، اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔احسن رضا گذشتہ چند سالوں سے آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ
ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر احسن رضا نے بین الاقوامی سطح پر اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز فروری 2010 میں کیا۔انہوں نے پہلی مرتبہ بطور امپائرافغانستان اورکینیڈا کے درمیان شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں شرکت کی۔انہوں نے اسی سال اکتوبر میں ابوظہبی کے میدان میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں امپائرنگ کرکے اس فارمیٹ میں پہلی بار قدم رکھا۔ احسن رضا اب تک کل 85 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ احسن رضا آئندہ ماہ آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔انٹرنیشنل امپائر احسن رضا کا کہنا ہیکہ ہر فرد اپنے شعبے میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے، انہیں فخرہیکہ وہ پیر کے روز 50ویں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن جائیں گے۔احسن رضا نے کہاکہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ ریکارڈ بنانے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہاگو کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کھیل جلدی ختم ہوجاتا ہے مگر یہاں گیم کی رفتاربہت تیز ہوتی ہے، جس کے باعث امپائرنگ کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احسن رضا نے کہا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں گیم کی رفتار تیز ہونے کے باعث امپائرزپر بھی پریشر ہوتا ہے۔

Facebook Comments