15 اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے آپریشنز جاری ہیں‘ اجمل وزیر

0 91

پشاور(جنرل رپورٹر) وزیراعلی خیبرپختونخواکے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع سمیت صوبے کے 15 اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر آپریشنز جاری ہیں جس میں 80 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔سات جون تک 46441.5 ایکڑ اراضی پر اسپرے مکمل ہو گیا ہے جبکہ3812418 ایکڑ اراضی کے سروے بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔ اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ محکمہ زراعت،پی ڈی ایم اے، پاک آرمی اور ضلعی انتطامیہ پر مشتمل ٹیمیں ٹڈی دل کی سرویلنس اور کنٹرول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، ہنگو، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت، اورکزئی، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، خیبر، باجوڑ، پشاور اور ضلع نوشہرہ میں انسداد ٹڈی دل آپریشن جاری ہے جبکہ پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے اور صورت حال کومسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ عوام اپنے علاقے میں ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن نمبر 1700 یا محکمہ زراعت کے موبائل نمبر 03481117070 پر دے سکتے ہیں.اجمل وزیر نے کہا کہ پشاور ائیرپورٹ سے اوورسیز پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے 15 اپریل سے 2 جون تک 29 پروازوں کے ذریعے 5670 مسافر پشاور باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے ہیں اور 40 میتیں بھی پہنچی ہیں جو لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔ پشاور ائیرپورٹ سے 48 پروازوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھائی جائیگی۔ اجمل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو باحفاظت وطن پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلی محمود خان نے صوبے کے تارکین وطن کو واپس لانے کے لئے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی تھی جسکے بعد پشاور ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔آٹے اور پٹرول بحران کے حوالے سے اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں آٹے کا مسئلہ بھی وزیر اعلی خیبر پختون خوا نے بھر پور انداز میں وزیر اعظم عمران کیساتھ اٹھایا ہے۔ آٹے کی ترسیل میں تمام رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں جبکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ایکشن میں ہیں۔ وزیراعلی نے واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں کیساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں بھرتی جائیگی۔پٹرول کامسئلہ ختم کرنے کے لیے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری پیٹرولیم سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں انتظامیہ پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائیوں میں بھی مصروف ہیں۔کورونا صورتحال کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت گزشتہ روز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ہے جسمیں کورونا صورتحال اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کورونا کے حوالے سے صوبے کے ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعلی نے واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ جہاں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا وہاں دوبارہ لاک ڈاون کیا جائے گا۔

Facebook Comments