کینٹ ڈویژن پولیس کی کارروائی، 4 ملزمان گرفتار

0 88

پشاور( کرایم رپورٹ) : کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران مزید چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں مشہور تجارتی مرکز بلور پلازہ سے لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے والا ملزم بھی شامل ہے، ملزمان کا تعلق ضلع مردان اور چارسدہ سے ہے جو واردات کے بعد اپنے آبائی علاقہ فرار ہو جاتے تھے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف علاقوں میں چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے دو عدد لیپ ٹاپ، ایک عدد موٹر سائیکل، لاکھوں روپے مالیت کے سپیر پارٹس اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع ہے
تفصیلات کے مطابق کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے سٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف منظم کریک ڈاون کا آغاز کر رکھا ہے جس کے دوران اب تک متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اسی طرح گزشتہ روز کینٹ ڈویژن پولیس تھانہ غربی اور تھانہ تہکال کی حدود میں چوری میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، ایس ایچ او تھانہ غربی دوست محمد اور ایس ایچ او تھانہ تہکال شہر یار نے خفیہ اطلاع پر ہونے والی کارروائیوں میں کاشف ولد یار محمد سکنہ چارسدہ، محمد شہزاد ولد خان بہادر، ثاقب ولد اکبر علی ساکنان مردان اور اختر علی کو گرفتار کر لیا، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے سمیت وارداتوں کے بعد اپنے آبائی علاقوں کو فرار ہونے کا بھی انکشاف کیا، ملزمان میں بلور پلازہ سے لیپ ٹاپ چوری کرنے والا ملزم بھی شامل ہے، تمام ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر دو عدد لیپ ٹاپ، مسروقہ موٹر سائیکل، لاکھوں روپے مالیت کے سپیر پارٹس اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی گئیں ہیں جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع ہے.

Facebook Comments