کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ڈاکٹرعارف علوی

0 89

اسلام آباد(صباح نیوز): صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 5 فروری کو تمام پاکستانی قوم اپنے تمام باہمی ،سیاسی و سماجی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اندرون و بیرون ملک کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کرے۔
اس دفعہ ہماری اسلئے بھی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں 173 دنوں سے کرفیو نافذ ہے اور کشمیر عوام کو ایک بڑی جیل کی طرح ریاست میں قید کردیا گیا ہے۔ لہذا ایسے کڑے وقت میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ پوری پاکستانی قوم متحد ہو کر یکجہتی کا اظہار کرے۔
وہ جمعرات کوآ زاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزادکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ،صدر مملکت نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے ہم کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھیں گے
اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پوری توجہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کومختلف فورمز پر اجاگر کرنے کے لئے مرکوز کی جائے گی۔اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یقین دلایا کہ اندرون و بیرون ممالک مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھانے کے لئے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی
اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو اپنے جانب سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ جبکہ انھوں نے صدر پاکستان کو آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر میں تعمیر ترقی کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے جاری پراجیکٹس پر بھی بریفنگ دی
اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں قیمتی پتھروں اور ہائیڈرو کا بہت بڑا پوٹنشل ہے جس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد مل سکتی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Facebook Comments