پی ٹی ایم کے رہنما منظور پشتین کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ

0 136

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور احمد پشتین پر عائد چار مقدمات میں سے دو مقدمات پر ضمانت کی درخواست پر جمعہ کو سماعت ہوئی لیکن عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی عدالت میں جمعہ کو منظور احمد پشتین کی جانب سے اسد عزیز ایڈووکیٹ اور ان کے ساتھی پیش ہوئے۔
پی ٹی ایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ دو مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر آج بحث ہوئی جس کے بعد جج نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور توقع ہے کہ ان دو مقدمات پر فیصلہ کل سنا دیا جائے گا جبکہ مزید دو مقدمات پر ضمانت کی درخواست آئندہ ہفتے داخل کی جائے گی۔
منظور پشتین پر ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس تھانے میں مختلف دفعات کے تحت 21 جنوری کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں 16 ایم پی او، 123اے،124 اے، 120 بی ، 153 اے اور 506 کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
اس ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ منظور احمد پشتین نے اپنی ایک تقریر میں ریاست کے خلاف توہین آمیز اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی اور مختلف قومیتوں کے درمیان نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی ہے۔

Facebook Comments