وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے ڈیووس پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود،معاون خصوصی ذوالفقارعباس بخاری اور قومی سلامتی ڈویژن کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

0 146

ڈیووس(صباح نیوز): وزیراعظم عمران خان ڈیووس پہنچ گئے جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بارے میں معاون خصوصی ذوالفقارعباس بخاری اور قومی سلامتی ڈویژن کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور سرمایہ کاری کے بارے میں اعزازی سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی ڈیووس میں وزیراعظم کے وفد میں شامل ہوں گے۔اس دورے کے دو بنیادی پہلووں میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس سے وزیراعظم کا کلیدی خطاب اور پاکستان تذویراتی مکالمے کے تحت مختلف اداروں کے سربراہوں اورتجارتی شعبے کے رہنماوں کے ساتھ ان کی ملاقاتیں شامل ہیں۔
عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیراعظم امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔شیڈول میں متعدد کاروباری، تجارتی ، ٹیکنالوجی اور مالیاتی منتظمین اور عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔عمران خان ڈیووس میں فورم کے انٹرنیشنل میڈیا کونسل کے اجلاس میں عالمی ذرائع ابلاغ کے سینئر ارکان اور مدیروں سے بھی بات چیت کریںگے۔

Facebook Comments